اکتوبر 31, 2026

اسرائیلی فوج کا فضائی حملے میں حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف علی طبطبائی کو شہید کرنے کا دعویٰ

اسرائیلی فوج نے لبنان کے دارالحکومت بیروت میں فضائی حملے میں حزب اللہ کے چیف آف اسٹاف علی طبطبائی کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔ لبنانی وزارت صحت کے مطابق حملے میں پانچ افراد ہلاک اور 28 زخمی ہوئے۔

اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ علی طبطبائی ہی حملے کا اہم ہدف تھے۔ حزب اللہ کے اندر علی طبطبائی کو سیکرٹری جنرل نعیم قاسم کے بعد دوسرا اہم رہنما سمجھا جاتا تھا۔ اسرائیلی فوج کے مطابق وہ 1980 کی دہائی سے حزب اللہ میں شامل تھے اور متعدد اہم عہدوں پر فائز رہے۔

اسرائیلی فوج نے مزید بتایا کہ حالیہ جنگ میں حزب اللہ کی قیادت کو نشانہ بنانے کے بعد تنظیم کی عملی قیادت علی طبطبائی کے ہاتھ میں تھی، جو نومبر 2024 میں باضابطہ طور پر چیف آف اسٹاف مقرر ہوئے تھے اور تنظیم کی نو تعمیر پر کام کر رہے تھے۔

دوسری جانب حزب اللہ نے ابھی تک علی طبطبائی کے زخمی یا شہید ہونے کی تصدیق نہیں کی ہے۔ ایک سینئر امریکی اہلکار کے مطابق اسرائیل نے حملے سے قبل امریکا کو اطلاع نہیں دی، جبکہ ایک اور اہلکار نے کہا کہ امریکا کو کئی دن پہلے علم تھا کہ اسرائیل لبنان میں حملے بڑھانے کا ارادہ رکھتا ہے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق امریکا نے علی طبطبائی پر 2016 میں پابندیاں عائد کی تھیں اور ان کے بارے میں معلومات فراہم کرنے پر 50 لاکھ ڈالر تک انعام کا اعلان کیا گیا تھا۔