ستمبر 18, 2026

ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات فیصل آباد ریجن رانا رضا ء اللہ خان کا ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاوالدین کا تفصیلی دورہ

منڈی بہاؤالدین(ڈاکٹرشاہد راٹھور) انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات پنجاب کے حکم پر ڈپٹی انسپکٹر جنرل جیل خانہ جات فیصل آباد ریجن، فیصل آباد رانا رضا ء اللہ خان نے سالانہ انسپکشن کے حوالے سے ڈسٹرکٹ جیل منڈی بہاوالدین کا تفصیلی دورہ کیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل محمد جہانگیر ڈوگر، ڈپٹی سپرنٹنڈنٹس جیل رانا شمشاد حسین اور محمد معصب بلال نے معزز مہمان خصوصی کو جیل آمد پر خوش آمدید کہا اور پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔ ڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل رانا شمشاد حسین کی قیادت میں چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ ڈی آئی جی نے اندرون جیل تمام بیرکوں، کچن اسیران، ہسپتال، سزائے موت،نو عمر وارڈ اور دیگر تمام احاطہ جات کا دورہ کیا۔ انہوں نے اسیران سے ملاقات کے دوران اسیران سے فردا فردا ان کے مسائل دریافت کئے اور ضروری ہدایات جاری کیں۔ ڈی آئی جی کو جیل ہسپتال میں اسیران کو فراہم کی جانے والی دستیاب سہولیات اور دیگر امورز سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ جیل ہسپتال کا معائنہ کرتے ہوئے انہوں نے ہدایت کی کہ اسیران اور حوالاتیوں کے علاج معالجے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ انہوں نے اسیران کو باور کرایا کہ نفرت جرم سے ہے،انسان سے نہیں اور کوئی بھی انسان پیدائشی طور پر مجرم نہیں ہوتااور قیدی اس بات کا عہد کریں کہ وہ یہاں سے اچھے انسان بن کر اپنے خاندان اور ملک و قوم کیلئے خدمات سرانجام دیں گے۔ جیل اسیران نے سپرنٹنڈنٹ اورڈپٹی سپرنٹنڈنٹ جیل سمیت تمام دیگر افسران و ماتحت عملہ کے رویہ کی تعریف کی۔ ڈی آئی جی نے جیل میں قیدیوں کو مہیا کی جانے والی سہولیات اور دیگر انتظامات کو سراہتے ہوئے اپنے گہرے اطمینان کااظہار کیا۔ ڈی آئی جی نے جیل انتظامیہ کی بہترین کارکردگی پر انعامات بھی تقسیم کیے۔