اکتوبر 29, 2026

پاکستان ہاکی کے لیجنڈ اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر کا سیاست میں قدم رکھنے کا فیصلہ

پاکستان ہاکی ٹیم کے لیجنڈ کھلاڑی اور سابق کپتان شہباز احمد سینئر نے سیاست میں آنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق شہباز احمد سینئر جلد اس حوالے سے باضابطہ اعلان کریں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ شہباز احمد سینئر آئندہ عام انتخابات میں اپنے آبائی شہر فیصل آباد سے انتخابات میں حصہ لینے کا ارادہ رکھتے ہیں۔

خیال رہے کہ شہباز احمد سینئر کا شمار نہ صرف پاکستان بلکہ ہاکی کی تاریخ کے چند بہترین فارورڈز میں ہوتا ہے۔ شہباز احمد سینئر کو ان کی تیز رفتاری، حیران کن باڈی ڈاج، شاندار ڈربلنگ اور پھرتی کی وجہ سے ‘میراڈونا آف ہاکی’ اور ‘مین ود الیکٹرک ہیل’ جیسے القابات دیے گئے۔

شہباز احمد نے اپنے بین الاقوامی کریئر میں 92 گول کیے، ان کی کپتانی میں ہی پاکستان نے آخری بار 1994 میں ہاکی کا ورلڈکپ جیتا تھا۔ وہ پہلے کھلاڑی ہیں جنہیں مسلسل 2 ہاکی ورلڈکپ (1990 اور 1994) میں مین آف دی ٹورنامنٹ کا اعزاز ملا۔

اس کے علاوہ شہباز احمد سینئر ہاکی کے واحد کھلاڑی ہیں جنہیں حکومت پاکستان نے ہلال امتیاز کے ایوارڈ سے نوازا ہے۔