کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کمشنر گوجرانوالہ محمد علی، ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین قریشی اور اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں احمد شیر گوندل نے کھاریاں پریس کلب کا خصوصی دورہ کیا، جہاں صدر سید تنویر نقوی اور جنرل سیکرٹری آفتاب احمد نذر سمیت کابینہ کے عہدیداران و ممبران نے ان کا پرجوش استقبال کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کمشنر گوجرانوالہ نے کہا کہ کھاریاں پریس کلب کا ایک منفرد مقام ہے اور یہاں کے صحافی مثبت، ذمہ دارانہ اور تعمیری صحافت کے فروغ میں قابلِ قدر کردار ادا کر رہے ہیں، جو عوام اور انتظامیہ کے درمیان رابطے کا اہم ذریعہ ہے۔ انہوں نے کلب کے بہترین انتظامات اور صحافتی سرگرمیوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں کو ہمیشہ حقائق پر مبنی صحافت کو ترجیح دینی چاہیے۔
دورے کے دوران صدر کھاریاں پریس کلب سید تنویر نقوی اور جنرل سیکرٹری آفتاب احمد نذر نے معزز مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پریس کلب ہمیشہ غیر جانبدارانہ اور عوامی مسائل پر مبنی صحافت کو فروغ دیتا رہے گا اور انتظامیہ کے ساتھ تعمیری رابطے کو برقرار رکھے گا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر گجرات نور العین قریشی اور اسسٹنٹ کمشنر احمد شیر گوندل نے بھی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے مثبت صحافت کو وقت کی ضرورت قرار دیا۔ پریس کلب کے مختلف حصوں کا جائزہ لینے کے بعد اختتام پر باہمی تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا گیا۔ اس موقع پر چیئرمین اعجاز مرزا، کوآرڈینیٹر عبدالعزیز گوندل، نائب صدر مجاہد حسین، فنانس سیکرٹری ملک علی ظفر، چیئرمین الیکٹرانک میڈیا جاوید وڑائچ، چوہدری محمد یعقوب، شاہد بیگ اور دیگر بھی موجود تھے، جبکہ وزٹ کروانے میں اعجاز مرزا اور چوہدری محمد یعقوب نے نمایاں کردار ادا کیا۔





