ستمبر 16, 2026

گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوٹری میں SPLA "سپلا” یونٹ کے انتخابات: تمام عہدیداران بلامقابلہ منتخب

کوٹری (عائشہ ارم) سندھ پروفیسرز اینڈ لیکچررز ایسوسی ایشن (SPLA) "سپلا” کے یونٹ برائے سال 2026-2027 کے انتخابات آج گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوٹری میں پرامن اور خوشگوار ماحول میں ہوئے۔ الیکشن کمشنر کے فرائض کالج کی پرنسپل پروفیسر راحیلہ انور بلوچ نے انجام دیے جبکہ پروفیسر زیب النساء شاہ سابق یونٹ صدر "سپلا” گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج کوٹری آرگنائزنگ کمیٹی کی رکن تھیں۔ انتخابی عمل کے دوران، درج ذیل عہدیداران "سپلا” یونٹ کے مختلف عہدوں پر بلا مقابلہ منتخب ہوئے: پروفیسر عصمت بانو- صدر، پروفیسر نازش نذیر- نائب صدر، پروفیسر شمشاد شاہ- یونٹ سیکرٹری، پروفیسر علینہ لکهوار- جوائنٹ سیکرٹری، ریما فاطمہ- فنانس سیکرٹری، سینئر ڈائریکٹر فزیکل ایجوکیشن عائشہ ارم پریس اور پبلسٹی سیکرٹری بلامقابلہ منتخب ہو گئیں۔ کالج کے فیکلٹی ممبران نے نئے عہدیداروں کے بلامقابلہ انتخاب پر خوشی کا اظہار کیا۔

اس موقع پر نومنتخب عہدیداران کا تالیوں کی گونج میں شاندار استقبال کیا۔ نئی ٹیم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے، فیکلٹی نے امید ظاہر کی کہ وہ "سپلا” کے پلیٹ فارم سے اساتذہ کے مسائل کے حل، ان کے جائز حقوق کے تحفظ اور ان کی فلاح و بہبود کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نو منتخب صدر پروفیسر عصمت بانو اور یونٹ جنرل سیکرٹری پروفیسر شمشاد شاہ نے فیکلٹی کا شکریہ ادا کیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ وہ "سپلا” کو مزید فعال اور مضبوط بنانے کے لیے اپنی پوری ٹیم کے ساتھ مل کر محنت کریں گے۔ نومنتخب عہدیداران نے اس عزم کا بھی اظہار کیا کہ وہ اتحاد، اتفاق اور باہمی مشاورت سے "سپلا” کے پلیٹ فارم کے ذریعے اساتذہ کی آواز کو متعلقہ حکام تک موثر انداز میں پہنچائیں گے اور اساتذہ کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری ایمانداری اور خلوص کے ساتھ ادا کریں گے۔ آخر میں کالج کے تمام اساتذہ نے نومنتخب عہدیداران کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد اور ہار پہنائے اور ان کی کامیاب اور شاندار مدت کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔