جولائی 28, 2026

آزاد کشمیر انتخابات: پہلے مرحلے کے غیر حتمی نتائج میں مسلم لیگ (ن) کی برتری، پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر

آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کے پہلے مرحلے کے تحت میرپور، کوٹلی اور بھمبر کے 13 حلقوں میں ہونے والی پولنگ کے بعد غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آنے کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ اب تک سامنے آنے والے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ن) نے نمایاں برتری حاصل کرتے ہوئے سب سے زیادہ نشستیں اپنے نام کر لی ہیں جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی دوسرے نمبر پر موجود ہے۔ میرپور ڈویژن کے 13 میں سے 10 حلقوں کے مکمل نتائج کے تحت ن لیگ 7 جبکہ پیپلز پارٹی 3 حلقوں پر کامیاب ہو چکی ہے۔

مختلف حلقوں کے تفصیلی نتائج کے مطابق حلقہ ایل اے 1 میرپور 1 سے ن لیگ کے اظہر صادق 15427 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے محمد افسر شاہد 9832 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ ایل اے 2 میرپور 2 سے پیپلز پارٹی کے قاسم مجید 12904 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور ن لیگ کے عظیم بخش چوہدری 8182 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ اسی طرح ایل اے 3 میرپور 3 سے پیپلز پارٹی کے چوہدری یاسر سلطان 11676 ووٹ لے کر فاتح رہے اور ن لیگ کے چوہدری محمد سعید 9832 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر آئے۔ حلقہ ایل اے 4 میرپور 4 سے ن لیگ کے چوہدری رخسار احمد 20172 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری صہیب ارشد 13865 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ بھمبر کے حلقہ ایل اے 7 بھمبر 3 سے ن لیگ کے چوہدری طارق فاروق 35490 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ آزاد امیدوار چوہدری انوار الحق 25100 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔

کوٹلی کے حلقوں کے نتائج پر نظر ڈالی جائے تو حلقہ ایل اے 8 کوٹلی 1 سے پیپلز پارٹی کے ظفر اقبال ملک 19535 ووٹ لے کر کامیاب قرار پائے اور ن لیگ کے ملک محمد نواز خان 11966 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ ایل اے 9 کوٹلی 2 سے ن لیگ کے عمیر نعیم 31080 ووٹ لے کر جیت گئے جبکہ پیپلز پارٹی کے جاوید اقبال بڈھانوی 28509 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ ایل اے 11 کوٹلی 4 سے ن لیگ کے محمد آصف 26190 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد اخلاق 21751 ووٹ کے ساتھ دوسرے نمبر پر رہے۔ حلقہ ایل اے 12 کوٹلی 5 سے ن لیگ کے محمد ریاست خان 35168 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ پیپلز پارٹی کے چوہدری محمد یاسین 30320 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ اس کے علاوہ حلقہ ایل اے 13 کوٹلی 6 سے ن لیگ کے راجہ ایاز احمد خان 21856 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور استحکام پاکستان پارٹی کے نثار انصار ابدالی 15859 ووٹ حاصل کر کے دوسرے نمبر پر رہے۔ دیگر باقی ماندہ حلقوں میں ووٹوں کی گنتی کا عمل تاحال جاری ہے۔