جولائی 27, 2026

سری لنکا ویمن ٹیم نے دوسرے ون ڈے میں پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر سیریز برابر کر دی

دوسرے ون ڈے میچ میں سری لنکا ویمن ٹیم نے پاکستان کو 8 وکٹوں سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز ایک ایک سے برابر کر دی ہے۔ پاکستان ویمن ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 50 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 273 رنز بنائے۔ صدف شمش 12 اور گلفروزہ 27 رنز بنا کر آؤٹ ہوئیں، جبکہ صدف امین نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 120 گیندوں پر 11 چوکوں کی مدد سے شاندار سنچری اسکور کی۔ دیگر بیٹرز میں عائشہ ظفر نے 49 اور منیبہ علی نے 45 رنز کی اننگز کھیلی۔

ہدف کے تعاقب میں سری لنکا کا آغاز اچھا نہ تھا اور کپتان چماری اتاپتو صرف ایک رن بنا کر آؤٹ ہو گئیں، تاہم وشمی گونا رتنے اور ہرشیتا سامارا وکرما نے دوسری وکٹ پر 203 رنز کی شاندار شراکت قائم کر کے ٹیم کو فتح سے ہمکنار کیا۔ وشمی گونا رتنے نے ایک چھکے اور 11 چوکوں کی مدد سے 123 رنز بنائے جبکہ ہرشیتا وکرما 100 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں۔ سری لنکن ٹیم نے مطلوبہ ہدف 47ویں اوور میں پورا کر لیا۔ یاد رہے کہ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن ون ڈے میچ 31 جولائی کو دمبولا میں کھیلا جائے گا۔