جولائی 28, 2026

بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین صحت کی خرابی کے باعث مستعفی، اسپیکر عبوری صدر مقرر

بنگلادیش کے صدر محمد شہاب الدین نے صحت کی خرابی کا عذر پیش کرتے ہوئے اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔ چوہتر سالہ محمد شہاب الدین اپریل 2023 سے اس منصب پر فائز تھے اور ان کی پانچ سالہ مدتِ صدارت 2028 میں مکمل ہونا تھی، تاہم اپوزیشن جماعتیں بھی طویل عرصے سے ان سے استعفے کا مطالبہ کر رہی تھیں۔ انہوں نے اپنے بیان میں واضح کیا ہے کہ حالیہ طبی معائنے میں انہیں آٹونومک نیوروپیتھی کی تشخیص ہوئی ہے جس کی وجہ سے وہ وقتاً فوقتاً ہوش کھو بیٹھتے ہیں، اور اسی بنیاد پر انہوں نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔

پریس سیکرٹری کے مطابق آئین کے تحت اب قومی پارلیمان کے اسپیکر حفیظ الدین احمد عبوری صدر کے فرائض انجام دیں گے جبکہ اگلے نوے روز کے اندر نئے صدر کا انتخاب کیا جائے گا۔ ادھر میڈیا میں یہ خبریں بھی گردش کر رہی تھیں کہ انہوں نے مئی میں دورۂ برطانیہ کے دوران بھارت میں موجود سابق وزیراعظم شیخ حسینہ سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا، تاہم انہوں نے اس تاثر کی تردید کرتے ہوئے اپنے استعفے کی واحد وجہ طبی مسائل کو قرار دیا ہے۔ واضح رہے کہ پارلیمنٹ میں حکمران بنگلا دیش نیشنلسٹ پارٹی کی اکثریت کے باعث آئندہ صدر کے اسی جماعت سے منتخب ہونے کے قوی امکانات ہیں۔