پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق خیبرپختونخوا کے ضلع جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز نے ایک چیک پوسٹ پر فتنہ الخوارج کے حملے کی کوشش کو بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے ناکام بناتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور سمیت چاروں خوارج کو ہلاک کر دیا ہے۔ دہشت گردوں نے بارود سے بھری گاڑی کے ذریعے چیک پوسٹ کی سکیورٹی توڑنے کی کوشش کی، تاہم سکیورٹی فورسز نے کمال مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بارود سے بھری گاڑی کو چیک پوسٹ کی حدود سے باہر ہی نشانہ بنا کر تباہ کر دیا، جس سے چیک پوسٹ کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔
آئی ایس پی آر نے مزید بتایا کہ کارروائی کے دوران فرار ہو کر قریبی عمارت میں چھپنے والے باقی تینوں خوارج کا تعاقب کیا گیا اور انہیں بھی انتہائی مہارت کے ساتھ ہلاک کر دیا گیا، جبکہ اس کامیاب آپریشن میں سکیورٹی فورسز کا کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ پاک فوج نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بیرونی سرپرستی یافتہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک کارروائیاں بلا تعطل جاری رکھی جائیں گی۔





