متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان نے آزاد کشمیر کے انتخابات میں مسلم لیگ ن کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے۔ اس سلسلے میں مسلم لیگ ن کا ایک وفد پارٹی کے صوبائی صدر بشیر میمن کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے مرکز بہادر آباد پہنچا، جہاں انہوں نے ڈاکٹر فاروق ستار اور دیگر رہنماؤں سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا کہ ایم کیو ایم کے تمام امیدوار مسلم لیگ ن کے حق میں دستبردار ہو جائیں گے اور انہیں پورا یقین ہے کہ کشمیر میں ن لیگ کی فتح دراصل ایم کیو ایم کی ہی فتح ہوگی۔
اس موقع پر ڈاکٹر فاروق ستار نے ایم کیو ایم کے تین اہم مطالبات بھی پیش کیے جن میں 140 اے سے متعلق مجوزہ آئینی ترمیمی بل، سندھ میں گورنر شپ، اور آزاد کشمیر انتخابات کے بعد حکومت سازی میں ایم کیو ایم کو شامل کرنا شامل ہیں۔ دوسری جانب مسلم لیگ ن سندھ کے رہنما بشیر میمن نے اتحادیوں کے بھرپور ساتھ پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ گورنر چاہے مسلم لیگ ن کا ہو یا ایم کیو ایم کا، وہ سب کا نمائندہ ہوگا۔





