جولائی 28, 2026

پاکستان بزنس فورم کا وزیراعظم کو خط، روزانہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام پر نظرثانی کا مطالبہ

پاکستان بزنس فورم نے وزیراعظم شہباز شریف کو خط لکھ کر روزانہ کی بنیاد پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کے نظام پر فوری نظرِثانی کا مطالبہ کر دیا ہے۔ خط میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ حالیہ فارمولے نے بزنس کمیونٹی اور عوام کو شدید جمود کا شکار بنا دیا ہے اور اس کی وجہ سے روزمرہ استعمال کی اشیا کی قیمتیں بھی من مانی شرح پر وصول کی جا رہی ہیں۔ فورم کے مطابق گزشتہ پانچ روز میں پیٹرول کی قیمت میں 24 اور ڈیزل میں 60 روپے فی لیٹر تک کا اضافہ کیا گیا ہے، جبکہ مشکل حالات میں حکومت کا اصل کام عوام کو ریلیف فراہم کرنا ہوتا ہے نہ کہ تمام تر معاشی بوجھ براہ راست عوام پر منتقل کرنا۔

خط میں مزید مطالبہ کیا گیا ہے کہ پیٹرولیم لیوی کو 18 فیصد جی ایس ٹی کے مساوی فی لیٹر مقرر کیا جائے، اس کے علاوہ پیٹرولیم ڈیلرز کے مارجن میں اضافے کی سخت مخالفت کرتے ہوئے تیل کی مارکیٹنگ کمپنیوں کے فی لیٹر مارجن میں کمی کی جائے۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی حکومت کی جانب سے پیٹرول کی قیمت میں 3 روپے 66 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 335 روپے 18 پیسے جبکہ ڈیزل کی قیمت میں 4 روپے 80 پیسے اضافے کے بعد نئی قیمت 383 روپے 46 پیسے فی لیٹر ہو چکی ہے۔