جولائی 28, 2026

بنگلہ دیشی وفد کا وزڈم ہاؤس چنن کھاریاں کا دورہ، طلبہ کے کردار اور فلاحی سرگرمیوں پر تبادلۂ خیال

کھاریاں(ایم عمر) بنگلہ دیش سے آئے ہوئے ایک معزز وفد نے وزڈم ہاؤس چنن، کھاریاں کا دورہ کیا، جہاں تعلیمی، سماجی اور تاریخی موضوعات پر ایک خصوصی نشست کا انعقاد کیا گیا۔ نشست میں حالیہ بنگلہ دیشی انقلاب میں طلبہ اور نوجوانوں کے مؤثر کردار، "حی علی الفلاح” کے موضوع اور معاشرے کی تعمیر و ترقی میں فلاحی تنظیموں کی خدمات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوان نسل کی مثبت کردار سازی، معیاری تعلیم اور فلاحی سرگرمیوں کے فروغ کے ذریعے ایک مضبوط، باصلاحیت اور خوشحال معاشرہ تشکیل دیا جا سکتا ہے۔

مقررین نے باہمی تعاون، سماجی خدمت اور اخلاقی اقدار کے فروغ کو وقت کی اہم ضرورت قرار دیا۔اس موقع پر تقسیمِ پاکستان اور سقوطِ ڈھاکہ کے تاریخی تناظر پر بھی گفتگو کی گئی۔ بنگلہ دیشی وفد کے سربراہ نے بتایا کہ 1971ء کے بعد یہ ان کا پاکستان کا دوسرا دورہ ہے، جو 2026ء میں ممکن ہوا۔ انہوں نے بنگلہ دیش کے عوام کی جانب سے پاکستان کے عوام کے لیے محبت، احترام اور خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے دونوں ممالک کے عوام کے درمیان تعلقات، علمی روابط اور باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے کی ضرورت پر زور دیا۔

تقریب میں سابق صدر الخدمت فاؤنڈیشن محمد عبدالشکور، امیر جماعت اسلامی ڈنگہ ڈاکٹر حافظ محمد ادریس، پرنسپل وزڈم ہاؤس چنن طارق محمود ثاقب، پروجیکٹ مینیجر الفلاح اسکالرشپ سکیم عمر حیات اور صدر اپنا کھاریاں ویلفیئر سوسائٹی حافظ رضوان احمد سمیت دیگر اہم شخصیات نے شرکت کی۔ نشست کے اختتام پر شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ایسے علمی، فکری اور فلاحی روابط مستقبل میں بھی جاری رکھے جائیں گے تاکہ دونوں ممالک کے عوام کے درمیان بھائی چارے، باہمی اعتماد اور تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔