ڈِنگہ (زمان اسلم) جماعتِ جلالیہ پاکستان کا ایک اعلیٰ سطحی وفد، سربراہ جماعت شیخ الحدیث ڈاکٹر مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی کی قیادت میں آٹھ روزہ روحانی و مطالعاتی دورے پر جمہوریہ ازبکستان روانہ ہو گیا ہے۔ روانگی سے قبل درگاہِ مقدسہ جلالیہ بھکھی شریف کے مزارات پر حاضری دی گئی اور خصوصی دعا کی گئی۔ وفد علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور سے تاشقند کے لیے روانہ ہوا۔ وفد میں پروفیسر ڈاکٹر محمد ظفر اقبال جلالی، علامہ حافظ محمد لیاقت علی جلالی، علامہ عبدالرحمن جلالی، ڈاکٹر مفتی محمد رفاقت علی جلالی اور مفتی توقیر احمد جلالی شامل ہیں۔
اس موقع پر ڈاکٹر مفتی پیر سید محمد نوید الحسن شاہ مشہدی نے کہا کہ ایسے اسفار امتِ مسلمہ کے علمی ورثے سے آگاہی اور بین الاقوامی اسلامی روابط کے استحکام میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ دورۂ ازبکستان کے دوران وفد سمرقند، بخارا اور تاشقند سمیت دیگر تاریخی شہروں میں اکابر محدثین، فقہاء اور مشائخِ نقشبند کے مزارات، اسلامی جامعات اور علمی مراکز کا دورہ کرے گا۔ اس سفر کا مقصد اسلامی تہذیب و تمدن کے ورثے سے استفادہ، روحانی تربیت، تحقیقی روابط کا فروغ اور پاکستان و ازبکستان کے درمیان دینی و ثقافتی تعاون کو مزید مستحکم بنانا ہے۔





