جولائی 12, 2026

فیفا ورلڈ کپ کھیلنے کے ایک ہفتے بعد جنوبی افریقا کے معروف فٹبالر جے ڈن ایڈمز 25 برس کی عمر میں انتقال کر گئے، فٹبال دنیا صدمے میں

جنوبی افریقا کی قومی فٹبال ٹیم اور مشہور کلب میملوڈی سن ڈاؤنز کے مڈفیلڈر جے ڈن ایڈمز 25 برس کی عمر میں اچانک چل بسے، جس پر ملک بھر کے مداحوں اور فٹبال شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ نوجوان مڈفیلڈر نے حال ہی میں فیفا ورلڈ کپ میں جنوبی افریقا کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنا بین الاقوامی ڈیبیو کیا تھا، جہاں انہوں نے گروپ مرحلے کے تینوں میچز کھیلے، جبکہ کینیڈا کے خلاف راؤنڈ آف 32 کے اہم میچ میں وہ بطور متبادل کھلاڑی بینچ پر موجود تھے۔ ان کے انتقال کی تصدیق ان کے قریبی افراد نے کی ہے، جس کے بعد فٹبال برادری میں سوگ کی لہر دوڑ گئی ہے۔

فٹبالر کی موت کی وجوہات کے حوالے سے سوشل میڈیا پر کئی غیر مصدقہ اطلاعات گردش کر رہی ہیں، جن میں دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ یہ واقعہ ڈپریشن کے باعث خودکشی کا نتیجہ ہو سکتا ہے، تاہم میملوڈی سن ڈاؤنز کلب یا ایڈمز کے اہلِ خانہ نے اب تک اس حوالے سے کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا ہے۔ خاندان کی جانب سے گفتگو کرتے ہوئے ان کے سرپرست برینڈائن جانسن کا کہنا تھا کہ اس المناک واقعے نے سب کو گہرے صدمے میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ محض دو روز قبل ہی ان کی جے ڈن سے بات ہوئی تھی اور وہ نئے سیزن سمیت افریقا کپ آف نیشنز میں اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لیے بے حد پُرامید اور پُرجوش تھے۔