جولائی 13, 2026

غیر ذمہ دار عناصر اور بغیر تحقیق پریس کارڈز کا اجرا صحافت کے وقار کے لیے نقصان دہ ہے: زمان احسن

کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) کھاریاں پریس کلب کے سابق صدر زمان احسن نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ کسی بھی معاشرے کی تعمیر و ترقی میں صحافی برادری کا کردار بنیادی حیثیت رکھتا ہے کیونکہ صحافی معاشرے کی آنکھ اور کان ہوتے ہیں جو عوامی مسائل اور حقائق کو دیانتداری کے ساتھ عوام تک پہنچاتے ہیں۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدقسمتی سے آج صحافت جیسے مقدس پیشے کو بعض غیر ذمہ دار عناصر کی وجہ سے نقصان پہنچ رہا ہے، کیونکہ کئی ادارے بغیر کسی تحقیق اور جانچ پڑتال کے پریس کارڈ جاری کر دیتے ہیں۔ ایسے افراد جو صحافتی اصولوں اور اخلاقیات سے ناواقف ہوتے ہیں، وہ نہ صرف صحافتی اقدار کو مجروح کرتے ہیں بلکہ پورے صحافتی شعبے کی ساکھ کو بھی بری طرح متاثر کرتے ہیں۔

سابق صدر پریس کلب کھاریاں زمان احسن نے میڈیا اور اشاعتی اداروں پر زور دیا کہ وہ رپورٹرز کی بھرتی اور پریس کارڈ کے اجرا کے لیے ایک مؤثر اور شفاف نظام متعارف کروائیں، جس میں امیدوار کا مکمل انٹرویو، تربیت اور جانچ پڑتال شامل ہو۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف باصلاحیت، تعلیم یافتہ اور ذمہ دار افراد کو ہی صحافت کے شعبے میں آگے لایا جانا چاہیے تاکہ صحافت کا وقار بحال رہے اور عوام تک مستند، غیر جانبدار اور مثبت خبریں پہنچ سکیں۔