کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) گجرات: ڈپٹی کمشنر گجرات نورالعین نے ماجرہ پلی اور مہسم کے مقامات پر محکمہ ایریگیشن کی جانب سے ہنگامی بنیادوں پر جاری فلڈ پروٹیکشن کاموں کا تفصیلی دورہ کیا۔ اس موقع پر اسسٹنٹ کمشنر گجرات عبدالقدیر زرکون، منیجنگ ڈائریکٹر واسا کاشان حفیظ بٹ اور ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر نے حفاظتی بند، کٹ آف خندقوں اور پانی کے بہاؤ کو محفوظ سمت دینے کے لیے جاری ڈائیورژن ورک کا باریک بینی سے معائنہ کیا اور متعلقہ افسران کو سخت ہدایت کی کہ تمام ترقیاتی و حفاظتی کام رواں ماہ کے اختتام تک ہر صورت مکمل کیے جائیں۔
ڈپٹی کمشنر نورالعین نے ایگزیکٹو انجینئر ایریگیشن محمد فیصل کی ذاتی دلچسپی، مؤثر نگرانی اور کام کی تیز رفتار پیش رفت کو سراہتے ہوئے ان کی کارکردگی کی تعریف کی۔ انہوں نے بتایا کہ ان تمام فلڈ پروٹیکشن منصوبوں کے تخمینے نیسپاک کی جانب سے 17 جون کو موصول ہوئے تھے، جن کے فوراً بعد ان پر ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا گیا تھا۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فلڈ پروٹیکشن کے یہ تمام اہم منصوبے جولائی کے آخری ہفتے تک مکمل کر لیے جائیں گے تاکہ سیلابی صورتحال سے نمٹا جا سکے۔





