جولائی 17, 2026

اپنی زمین اپنا گھر پروگرام: ضلع جہلم کے 600 سے زائد مستحقین کو الاٹمنٹ لیٹرز جاری، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی کا تقریب سے خطاب

جہلم (محمد زاہد خورشید) وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے جہلم میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ ‘اپنی زمین اپنا گھر’ پروگرام کے تحت بزرگوں، خواتین اور خصوصی افراد سمیت ضلع جہلم کے 600 سے زائد مستحق شہریوں کو الاٹمنٹ لیٹرز فراہم کر دیے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر نواز شریف عوام کو اپنی چھت فراہم کرنے کا وعدہ پورا کر رہے ہیں، جبکہ وزیر اعظم شہباز شریف نے وفاقی سطح پر ‘پرائم منسٹر اپنا گھر’ رعایتی قرض اسکیم کا آغاز کیا ہے اور وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف پہلے ہی صوبے کے ہزاروں خاندانوں کو گھر فراہم کر چکی ہیں۔

اس اسکیم کی تفصیلات بتاتے ہوئے وزیر مملکت نے واضح کیا کہ کمرشل بینکوں کے ذریعے صرف 5 فیصد کی کم ترین شرح سود پر 1 کروڑ روپے تک کا قرض دیا جا رہا ہے، جس کے لیے ضلع جہلم سے آن لائن پورٹل پر کل 5,942 درخواستیں موصول ہوئیں اور نادرا کی تصدیق کے بعد 4,303 درخواست گزاروں کو اہل قرار دیا گیا۔ بعد ازاں محکمہ مال کی جانچ پڑتال اور انتہائی شفاف کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کے ذریعے 730 درخواست گزار کامیاب ہوئے جن میں سے 600 سے زائد کو لیٹرز مل چکے ہیں، جبکہ وزیر اعلیٰ پنجاب اسکیم کے تحت گھروں کی تعمیر میں مزید مالی مدد کے لیے یہ الاٹیز 15 لاکھ روپے کا بلا سود قرض بھی حاصل کر سکتے ہیں۔