بلوچستان حکومت نے صوبے کی تمام بڑی شاہراہوں کو محفوظ بنانے اور امن و امان کی صورتحال کو بہتر کرنے کے لیے ایک نئی اور خصوصی سکیورٹی فورس قائم کرنے کا بڑا فیصلہ کیا ہے۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ بلوچستان حمزہ شفقات کے مطابق اس اہم منصوبے پر تقریباً 25 ارب روپے کے اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے اور اس نئی فورس کو اگلے چھ ماہ کے اندر مکمل طور پر فعال کر دیا جائے گا تاکہ مسافروں اور تجارتی قافلوں کو فول پروف سکیورٹی فراہم کی جا سکے۔
سکیورٹی فورس کے باقاعدہ فعال ہونے تک کے درمیانی عرصے میں حکومت نے مال بردار گاڑیوں کو مکمل تحفظ کے ساتھ منزل مقصود تک پہنچانے کے لیے انہیں قافلوں کی صورت میں سفر کروانے کی تجویز دی ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ تاجروں اور ٹرانسپوٹرز کے تحفظ کے لیے مال بردار گاڑیوں کا ایک جامع انشورنس نظام بھی متعارف کرایا جا رہا ہے، جبکہ ماضی میں شاہراہوں پر جلائی جانے والی گاڑیوں کے مالکان کو معاوضوں کی ادائیگی کے عمل کو بھی مزید تیز کر دیا گیا ہے۔





