جولائی 16, 2026

صدر آصف علی زرداری کی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو دورہ پاکستان کی دعوت، یومِ آزادی پر مبارکباد کا خط ارسال

صدر مملکت آصف علی زرداری نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو پاکستان کے سرکاری دورے کی باضابطہ دعوت دے دی ہے۔ صدر مملکت نے امریکی صدر اور وہاں کے عوام کو امریکا کے اعلانِ آزادی کے 250 سال مکمل ہونے کے تاریخی موقع پر دلی مبارکباد پیش کی اور اپنے تہنیتی خط میں لکھا کہ امریکا اپنی مضبوط روایات، جدت، آزادی، جمہوریت اور مساوی مواقع کے اصولوں سے وابستگی کی بنیاد پر مسلسل ترقی کی منازل طے کر رہا ہے، جبکہ گزشتہ ڈھائی صدیوں کے دوران امریکی عوام کی نمایاں کامیابیوں نے دنیا بھر میں ترقی اور خوشحالی کے فروغ میں انتہائی اہم کردار ادا کیا ہے۔

اپنے خط میں صدر آصف علی زرداری نے پاک امریکا تعلقات کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور امن، سلامتی اور خوشحالی کے مشترکہ عزم پر مبنی دیرینہ تعلقات قائم ہیں۔ انہوں نے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو جلد از جلد اسلام آباد کا دورہ کرنے کی دعوت دیتے ہوئے واضح کیا کہ پاکستان کے عوام ان کی سہولت کے مطابق انہیں خوش آمدید کہنے کو اپنے لیے ایک بڑا اعزاز سمجھیں گے تاکہ دونوں ممالک کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دیا جا سکے۔