جون 27, 2026

ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں بڑا اپ سیٹ؛ آئرلینڈ نے عالمی چیمپئن بھارت کو پہلے میچ میں 34 رنز سے ہرا کر نئی تاریخ رقم کر دی

بیلفاسٹ میں کھیلے گئے دو ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کے پہلے ہی معرکے میں آئرلینڈ نے عالمی چیمپئن بھارت کو 34 رنز سے عبرتناک شکست دے کر کرکٹ کی دنیا میں ایک بڑا اپ سیٹ کر دیا ہے۔ یہ انٹرنیشنل کرکٹ کی تاریخ میں آئرش ٹیم کی بھارت کے خلاف پہلی تاریخی فتح ہے۔ میچ میں آئرلینڈ نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز کا مضبوط ٹوٹل اسکور بورڈ پر سجایا، جس میں کپتان لورکن ٹکر کے 50 اور گیرتھ ڈیلنی کے 49 رنز کی جارحانہ اننگز نے کلیدی کردار ادا کیا۔ 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں عالمی چیمپئن بھارت کی مایا ناز بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 19ویں اوور میں محض 148 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔ بھارت کی جانب سے ابھیشیک شرما نے 20 گیندوں پر 49 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی مگر وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔ آئرلینڈ کی جانب سے ڈیبیو کرنے والے فاسٹ بولر میٹ ہولارڈ نے تباہ کن بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں اور میچ کے بہترین کھلاڑی قرار پائے، اس فتح کے ساتھ ہی آئرلینڈ نے سیریز میں 0-1 کی برتری حاصل کر لی ہے۔