سرائے عالمگیر( ڈاکٹر تصور حسین مرزا) رسولپور سیداں شریف آستانہ عالیہ رسولپور سیداں شریف میں حضرت پیر سید لال حسین شاہؒ، حضرت پیر سید علی عابد الحسینی شاہؒ کے سالانہ عرس مبارک، حضرت امام حسینؓ اور دیگر شہدائے کربلا کی یاد میں عظیم الشان کانفرنس نہایت عقیدت و احترام کے ساتھ منعقد ہوئی۔ تقریب کی سرپرستی سجادہ نشین پیر سید زین العابدین شاہ بخاری نے کی، جبکہ ملک کے معروف علماء و مشائخ، نعت خواں، سیاسی و سماجی شخصیات، مریدین اور عقیدت مندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے واقعۂ کربلا کی عظیم قربانیوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ حضرت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا نے دینِ اسلام کی سربلندی، حق و صداقت اور عدل و انصاف کے لیے لازوال قربانیاں دیں، جو قیامت تک امتِ مسلمہ کے لیے مشعلِ راہ رہیں گی۔ انہوں نے مسلمانوں پر زور دیا کہ وہ اتحاد، بھائی چارے، امن، محبت اور اسلامی تعلیمات کو اپنی زندگیوں کا حصہ بنائیں۔
اس موقع پر درود و سلام، ذکر و اذکار، نعت و منقبت کی محافل بھی منعقد ہوئیں، جبکہ شرکاء کے لیے لنگر کا خصوصی انتظام کیا گیا۔
کانفرنس کے اختتام پر پاکستان کی سلامتی، ترقی، استحکام، امتِ مسلمہ کے اتحاد، شہدائے اسلام کے بلند درجات اور عالمِ اسلام میں امن و خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ تقریب پرامن ماحول میں اختتام پذیر ہوئی





