سیالکوٹ: وفاقی وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان نے ایران جنگ کے دوران جو تعمیری اور مصالحتی کردار ادا کیا ہے، اسے تاریخ میں ہمیشہ سنہری حروف سے اور قیامت تک یاد رکھا جائے گا۔ پاکستان نے امت مسلمہ کے درمیان دشمنی کی آگ کو بجھانے اور صلح کروانے کے لیے اپنا بھرپور کردار ادا کیا، جس کی بدولت آج پاکستان پوری مسلم امہ کے سامنے سرخرو ہوا ہے۔
سیالکوٹ میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع کا کہنا تھا کہ امسال یومِ عاشور ایک ایسے حساس موقع پر آیا ہے جب خطے میں جنگ کی صورتحال درپیش تھی۔ انہوں نے ایرانی عوام کی قربانیوں اور جذبے کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایرانیوں نے موجودہ دور میں بھی سنتِ حسینی اور شہدائے کربلا کی لازوال یاد کو تازہ کر دیا ہے۔
خواجہ آصف نے مزید کہا کہ ہماری دلی دعا ہے کہ لبنان کے مظلوم عوام کو اسرائیل کے ظلم و ستم اور بربریت سے جلد از جلد نجات ملے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دنیا بھر میں جہاں کہیں بھی مسلمانوں پر ظلم و ستم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، اللہ تعالیٰ ان سب کو ظلم سے نجات اور حقیقی آزادی نصیب فرمائے۔





