جون 26, 2026

اوٹاوا: دورانِ پرواز کینیڈین پائلٹ کی طبیعت خراب، طیارہ ہچکولے کھاتا ہوا راستے سے ہٹ گیا، بوسٹن میں ہنگامی لینڈنگ

کینیڈین ایئرلائن کے ایک مسافر بردار طیارے میں دورانِ پرواز پائلٹ کی طبیعت اچانک بگڑنے کے باعث طیارہ اپنے مقررہ راستے سے ہٹ گیا۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق کینیڈین ایئرلائن کی یہ پرواز امریکی ریاست نیو جرسی سے کینیڈا جا رہی تھی کہ فضا میں اڑان کے دوران پائلٹ کو اچانک شدید طبی مسئلہ لاحق ہو گیا، جس کی وجہ سے طیارہ ایک زوردار جھٹکے کے ساتھ اچانک ایک طرف مڑ گیا۔ اس ہنگامی اور خطرناک صورتِ حال میں طیارے کے فرسٹ آفیسر (کو-پائلٹ) نے فوری طور پر کنٹرول سنبھالا اور کمالِ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو امریکی شہر بوسٹن کی جانب موڑا، جہاں اس کی باحفاظت ایمرجنسی لینڈنگ کرائی گئی۔

ایئرلائن حکام کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، اس مسافر بردار طیارے میں 61 مسافر سوار تھے جو خوش قسمتی سے اس حادثے میں محفوظ رہے۔ حکام نے تصدیق کی کہ پائلٹ کو اچانک فلائٹ کے دوران میڈیکل ایمرجنسی کا سامنا کرنا پڑا، جس پر مقررہ حفاظتی ضوابط (ایس او پیز) کے تحت عملے کے دیگر ارکان کی مدد سے انہیں فوری طور پر کاک پٹ سے باہر منتقل کیا گیا۔ لینڈنگ کے فوری بعد متاثرہ پائلٹ کو علاج کے لیے بوسٹن کے مقامی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے، تاہم ایئرلائن نے ان کی حالت یا بیماری کی نوعیت کے بارے میں مزید تفصیلات بتانے سے گریز کیا ہے۔ دوسری جانب، طیارے میں موجود ایک مسافر نے امریکی میڈیا کو آنکھوں دیکھا حال بتاتے ہوئے انکشاف کیا کہ پائلٹ کو بظاہر دورے پڑ رہے تھے اور ان کی یہ تشویشناک کیفیت تقریباً 40 منٹ تک جاری رہی۔