ڈنگہ (پریس ریلیز 29-05-26) جماعت اسلامی کے رہنما ڈاکٹر حافظ محمد ادریس نے کہا ہے کہ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے عیدِ قربان کے موقع پر ڈنگہ شہر اور گردونواح کے 300 سے زائد خاندانوں کو باوقار طریقے سے عید کی خوشیوں میں شریک کرنا قابلِ تحسین ہے۔ اس فلاحی عمل کا مقصد معاشرے کے مستحق افراد کو خوشیوں میں شامل کرنا اور ان کی دہلیز تک مدد پہنچانا ہے۔
عید کے دوسرے روز امیرِ زون چوہدری اظہر اقبال کی زیرِ نگرانی بیکنانوالہ میں خصوصی قربان گاہ قائم کی گئی، جہاں سے ڈنگہ شہر اور حلقہ کے دیہات میں مستحق گھرانوں تک گوشت پہنچانے کے لیے جماعت اسلامی اور الخدمت فاؤنڈیشن کے درجنوں رضاکاروں نے نہایت نظم و ضبط کے ساتھ اپنی ذمہ داریاں سرانجام دیں۔ تفصیلات کے مطابق امسال عید الاضحیٰ کے موقع پر الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے اجتماعی قربانی کا اہتمام کیا گیا تھا۔ اس مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کے لیے چوہدری اظہر اقبال کی قیادت میں کارکنان نے گوشت کی پیکنگ، تقسیم اور دیگر انتظامی امور کو نہایت مستعدی سے مکمل کیا۔ الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے ڈنگہ شہر اور حلقے بھر میں پانچ خصوصی مراکز قائم کیے گئے تھے، جن کے ذریعے مذکورہ خاندانوں تک باعزت طریقے سے قربانی کا گوشت پہنچایا گیا۔





