اسلام آباد / لاہور / گجرات: (پریس ریلیز) اللہ تعالی کے فضل وکرم سے پاکستان کو اقوام عالم میں اہم ترین اور باوقار مقام حاصل ہوچکا ہے۔ دنیا بھر کی نظریں پاکستان کی جانب مبذول ہیں۔ عالمی سطح پر پاکستان کی بڑھتی ہوئی اہمیت اس بات کا اشارہ ہے کہ مستقبل کا پاکستان عظیم سے عظیم تر ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار روحانی رہنماء پیر محمد عثمان افضل قادری سجادہ نشین نیک آباد (مراڑیاں شریف) نے عید الاضحی کے عظیم اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ اسلامی ممالک کے حکمران موجودہ اور مستقبل کے چیلنجز کے پیش نظر اتفاق واتحاد اور مشترکہ لائحہ عمل اختیار کریں۔

انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ مسلمان علم میں اضافے، تقوی کے حصول، اخلاقی اقدار میں ترقی کیلئے ہر ممکن کوشش کریں۔ انہوں نے نماز عید الاضحی کے بعد وطن عزیز پاکستان اور امت مسلمہ کیلئے خصوصی دعا کروائی۔ دعا سے قبل پیر محمد عثمان افضل قادری نے عید الاضحی کی مبارکباد دی اور نیک تمناوں کا اظہار۔ انہوں نے کہا کہ عید الاضحی اطاعت الہی کے ساتھ ساتھ ایثار، ہمدردی، شفقت، خدمت اور رشتہ داروں کے حقوق کی ادائیگی اور نادار وغریب افراد کا خیال رکھنے کا درس دیتی ہے۔ یہ عظیم دن تحفہ خداوندی ہے اور دیگر نعمتوں کی طرح یہ عظیم یوم بھی حضور رحمۃ للعالمین ﷺکے تصدق سے عطا ہوا ہے۔ رسول اللہ ﷺ کی امت سے بے مثال محبت کی ایک جھلک یہ بھی ہے کہ آپﷺ اپنی امت کی طرف سے بھی قربانی فرماتے۔

نماز عید الاضحی کے بعد پیشوائے اہلسنت حضرت پیر محمد افضل قادری رحمۃ اللہ علیہ کے درجات کی بلندی کیلئے اجتماعی دعا بھی کی گئی۔ بعد ازاں پیر عثمان افضل قادری، پیر صدیق افضل قادری، پیر حسنین افضل قادری نے معزز مہمانوں اور مختلف وفود سے ملاقاتیں کیں اور اپنے ہاتھوں سے سینکڑوں افراد میں قربانی کا گوشت تقسیم کیا۔
الیاس زکی، شعبہ نشر واشاعت





