جون 1, 2026

لاہور ہائیکورٹ کا بڑا فیصلہ: مکمل دستاویزات والے مسافر کو آف لوڈ کرنا غیر قانونی قرار

لاہور ہائیکورٹ نے بیرون ملک جانے والے مسافروں کے بنیادی حقوق کے تحفظ کے لیے ایک اہم فیصلہ جاری کیا ہے۔ جسٹس راحیل کامران نے 9 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلے میں ایف آئی اے کی جانب سے ایک شہری کو نائیجیریا جانے سے روکنے کے اقدام کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے قرار دیا کہ جن مسافروں کے پاس ویزا، ٹکٹ اور دیگر سفری دستاویزات درست ہوں، انہیں آف لوڈ کرنا غیر قانونی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ شہری کو محض اس شک کی بنیاد پر سفر سے روکا گیا کہ شاید وہ واپس نہ آئے، حالانکہ وہ نہ تو کسی مقدمے، انکوائری، بلیک لسٹ یا ای سی ایل (ECL) میں شامل تھا۔ عدالت نے اس بات پر زور دیا کہ بیرون ملک سفر کرنا آئینی طور پر ایک بنیادی حق ہے اور ایف آئی اے کے اختیارات لامحدود نہیں ہیں۔