علی پور چٹھہ (ویب ڈیسک) علی پور چٹھہ کے نواحی علاقے کوٹ بیلہ کے قریب دریائے چناب میں نہاتے ہوئے 8 خواتین گہرے پانی میں ڈوب گئیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی مقامی افراد نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے 4 خواتین کو تو بحفاظت نکال لیا، تاہم دیگر 4 خواتین گہرے پانی کی نذر ہو گئیں۔ ریسکیو حکام کے مطابق ایک خاتون کی نعش نکال لی گئی ہے جبکہ لاپتہ تین خواتین کی تلاش کے لیے ریسکیو آپریشن تاحال جاری ہے۔
تفصیلات کے مطابق، پکنک منانے کے لیے آئی ہوئی 8 خواتین شدید گرمی سے بچنے کے لیے دریائے چناب میں نہانے اتریں، جہاں وہ گہرے پانی کی لپیٹ میں آ گئیں۔ مقامی افراد نے فوری مدد کرتے ہوئے عاصمہ زوجہ سلیم، وجیہہ دختر فضل اور علیشہ دختر امیر سمیت 4 خواتین کو بچا لیا۔ ان خواتین میں سے حفصہ بی بی زوجہ ناصر (عمر 30 سال) کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دم توڑ گئیں، جبکہ شمائلہ دختر فضل (عمر 22 سال) کی حالت تاحال تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔

ریسکیو 1122 کی ٹیمیں اور ماہر غوطہ خور لاپتہ ہونے والی تین خواتین کی تلاش کے لیے دریا میں سرچ آپریشن میں مصروف ہیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق لاپتہ ہونے والوں میں سامعہ بی بی زوجہ آصف (عمر 28 سال)، سیرت شہزادی دختر ناصر (عمر 8 سال) اور ایمان فاطمہ دختر امیر (عمر 10 سال) شامل ہیں۔
مقامی پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اعلیٰ افسران بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے ہیں اور جاری ریسکیو آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ انتظامیہ نے شہریوں سے شدید اپیل کی ہے کہ گرمی کی شدت سے بچنے کے لیے دریاؤں اور نہروں میں نہانے سے مکمل گریز کریں کیونکہ یہ جان لیوا ثابت ہو سکتا ہے۔





