ڈنگہ (نیوز ڈیسک) میونسپل کمیٹی ڈنگہ کی نئی حلقہ بندی کے تحت شہر کو چار یونین کونسلز میں تقسیم کر دیا گیا ہے۔ لوکل گورنمنٹ الیکشن پنجاب کے سلسلہ میں جاری کی گئی ابتدائی فہرست کے مطابق ڈنگہ شہر کے مختلف محلوں، آبادیوں اور علاقوں کو نئی یونین کونسلز میں شامل کیا گیا ہے۔ حلقہ بندی کمیٹی کی جانب سے جاری فارم ون کے مطابق ہر یونین کونسل کے ساتھ متعلقہ مردم شماری بلاکس اور آبادی کی تفصیلات بھی درج کی گئی ہیں۔ جاری تفصیلات کے مطابق یونین کونسل نمبر 1 میں محلہ شاہ تکیہ، محلہ نبی پورہ، محلہ ذوالفقار کالونی، محلہ بگھی پورہ، محلہ چوہاناں، طاہر آباد، حاجی پورہ، جمشید کالونی اور محلہ غوثیہ مہریہ شامل کیے گئے ہیں جبکہ اس یونین کونسل کی مجموعی آبادی 15771 مقرر کی گئی ہے۔ یونین کونسل نمبر 2 میں کولیاں روڈ، مغل پورہ، عیدگاہ شاہسوار، ریلوے روڈ، ریلوے اسٹیشن، محلہ آہیراں، محلہ درزیاں، چھتی گلی اور محلہ چوہدریاں سمیت دیگر علاقے شامل کیے گئے ہیں۔ اس یونین کونسل کی کل آبادی 15820 ظاہر کی گئی ہے۔ یونین کونسل نمبر 3 میں ریلوے آبادی، محلہ رام باغ، مائی دا ڈیرہ، دربار قلندریہ، محلہ گھڑی والا اور درسگاہ روڈ کے علاقے شامل کیے گئے ہیں جبکہ مجموعی آبادی 15756 رکھی گئی ہے۔ اسی طرح یونین کونسل نمبر 4 میں قینچی موڑ، گلزار شہید چوک، مدینہ کالونی، محلہ پسوالاں، محلہ کشمیریاں، یتیم شاہ اور پرانی غلہ منڈی سمیت دیگر علاقے شامل کیے گئے ہیں۔ اس یونین کونسل کی کل آبادی 15282 بتائی گئی ہے۔ حلقہ بندی کمیٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ گجرات سید نوید حیدر، اسسٹنٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کھاریاں افتخار احمد چوہدری اور ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر/کنوینر ڈیلیمیٹیشن کمیٹی عمران ظفر کے دستخط موجود ہیں۔ یہ ابتدائی فہرست 25 مئی 2026 کو جاری کی گئی۔





