ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای نے حج کے مقدس موقع پر جاری کیے گئے اپنے خصوصی پیغام میں کہا ہے کہ ایران نے جارح امریکا کو ایک ایسا سخت تھپڑ رسید کیا ہے جس کے بعد خطے میں امریکی اثر و رسوخ کے دن گنتی کے رہ گئے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اب امریکا کو خطے میں اپنی شرارتوں اور فوجی اڈوں کے قیام کے لیے کہیں بھی محفوظ پناہ گاہ حاصل نہیں ہوگی۔
آیت اللہ مجتبیٰ خامنہ ای کا کہنا تھا کہ ‘اللہ اکبر’ کا ہتھیار ایرانی قوم کی اصل طاقت ہے جس نے دشمن کے تمام مذموم اہداف کو ناکام بنا دیا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ خطے کی اقوام اور ممالک اب کسی بھی صورت میں امریکی فوجی اڈوں کے لیے ڈھال نہیں بنیں گے اور مستقبل کا راستہ امتِ اسلامیہ کی تشکیل اور نئی اسلامی تہذیب کی طرف گامزن ہے۔
ایرانی سپریم لیڈر نے اسلامی ممالک پر زور دیا کہ وہ ترقی اور خوشحالی کے لیے آپس میں دوستی اور تعاون کے تعلقات کو مزید مضبوط بنائیں۔ انہوں نے اسرائیل کے حوالے سے سخت موقف اپناتے ہوئے کہا کہ متزلزل صیہونی حکومت اب اپنے خاتمے کے قریب ہے اور اپنی عمر کے آخری مراحل طے کر رہی ہے۔





