اسلام آباد، لاہور اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں، جس کے نتیجے میں جانی اور مالی نقصانات کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہی شہری خوفزدہ ہو کر کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 4.7 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کا مرکز 18 کلومیٹر گہرائی میں تھا۔ زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، لاہور، گوجرانوالہ، منڈی بہاءالدین، جہلم، اوکاڑہ، شیخوپورہ اور پنڈ دادن خان سمیت گردونواح کے علاقوں میں محسوس کیے گئے۔
ریسکیو حکام کے مطابق سب سے زیادہ نقصان پنڈ دادن خان اور جلال پور شریف کے علاقوں میں ہوا ہے۔ جلال پور شریف میں ایک مکان کی چھت گرنے سے 13 سالہ بچہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق پنڈ دادن خان میں متعدد مکانات کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ حکام کی جانب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئی ہیں اور نقصانات کا تخمینہ لگایا جا رہا ہے۔





