واشنگٹن (نیوز ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ڈنمارک اور گرین لینڈ کے ساتھ ایک تاریخی اور اہم معاہدے کی کامیابی کا باضابطہ اعلان کر دیا ہے۔ اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ‘ٹروتھ سوشل’ پر ایک تفصیلی بیان جاری کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ اس معاہدے کے تحت گرین لینڈ میں سلامتی اور دیگر تمام ضروری امور کے حوالے سے امریکا کو مکمل اور مستقل کنٹرول حاصل ہو جائے گا، جس سے امریکا کے تمام تر تحفظات دائمی طور پر دور ہو گئے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اہم پیش رفت کے لیے امریکا کو کسی قسم کا مالی خرچ نہیں اٹھانا پڑے گا اور امریکی ہدایت پر ڈنمارک و گرین لینڈ کے نمائندوں کے ساتھ طے پانے والے اس معاہدے کے تحت امریکا کو ہمیشہ کے لیے خطے میں اپنی اور گرین لینڈ کی سلامتی و دفاع کے لیے ضروری اقدامات کرنے کی مکمل آزادی اور اختیار حاصل ہو گیا ہے۔
امریکی صدر نے واضح کیا کہ اب امریکا کے کسی بھی مخالف ملک کو واضح تحریری منظوری کے بغیر گرین لینڈ میں فوجی اڈہ قائم کرنے، فوجی موجودگی رکھنے یا کسی قسم کی حساس سرمایہ کاری کی ہرگز اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ ایک صدی سے زائد عرصے سے امریکی صدور گرین لینڈ کی جغرافیائی و اسٹریٹجک اہمیت سے باخبر تو رہے لیکن اس معاملے کو حل نہ کر سکے، جبکہ مجھے فخر ہے کہ میں نے اس انتہائی حساس مسئلے کو ہمیشہ کے لیے اور فیصلہ کن طور پر حل کر دیا ہے۔ صدر ٹرمپ نے مزید اعلان کیا کہ امریکا فوری طور پر گرین لینڈ کے موزوں علاقوں میں اپنی بڑی عسکری موجودگی قائم کرنے کا عمل شروع کرے گا اور وہاں کے عوام کے ساتھ مل کر اس وسیع خطے کی تعمیر و ترقی کے لیے کام کیا جائے گا، جو امریکا، ڈنمارک اور گرین لینڈ سمیت تمام اتحادیوں کے لیے خواب کی تعبیر ثابت ہوگا۔





