ستمبر 12, 2026

عوام کے لیے بڑی ریلیف: حکومت نے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کر دیا، نیا نوٹیفکیشن جاری

حکومتِ پاکستان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر واضح کمی کا اعلان کر کے مہنگائی کے ستائے عوام کو بڑا ریلیف فراہم کر دیا ہے۔ وزارت پیٹرولیم ڈویژن کی جانب سے جاری کردہ باضابطہ اعلامیے کے مطابق پیٹرول کی قیمت میں فی لیٹر 6 روپے کی کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی فی لیٹر 6 روپے 80 پیسے کی نمایاں کمی کر دی گئی ہے۔ پیٹرولیم ڈویژن کے جاری کردہ نئے نوٹیفکیشن کے تحت ملک بھر میں پیٹرول کی نئی قیمت 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے جبکہ ڈیزل کی نئی قیمت 402 روپے 78 پیسے فی لیٹر طے پائی ہے، جس کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔ واضح رہے کہ حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا یہ سلسلہ مسلسل جاری ہے اور اس سے قبل گزشتہ جمعے کو بھی حکومت نے عوامی ریلیف کے تحت پیٹرول اور ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 5 روپے فی لیٹر کمی کا اعلان کیا تھا۔