ستمبر 12, 2026

خیبرپختونخوا میں سکیورٹی فورسز کا بڑا آپریشن: فتنہ الخوارج کے 23 دہشتگرد ہلاک، انتہائی مطلوب سرغنہ ‘طور ثاقب’ بھی انجام کو پہنچ گیا

راولپنڈی (21 مئی 2026): خیبرپختونخوا میں دہشتگردوں کے خلاف ایک انتہائی بڑی اور کامیاب کارروائی کے دوران سکیورٹی فورسز نے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مزید 23 خوارج کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ تفصیلا ت کے مطابق، سکیورٹی فورسز نے صوبے کے مختلف حصوں میں انٹیلی جنس پر مبنی ٹارگٹڈ آپریشنز (IBOs) کیے۔ ان آپریشنز کے دوران گزشتہ 48 گھنٹوں میں خوارج کے متعدد خفیہ ٹھکانوں کو مؤثر اور بھرپور انداز میں نشانہ بنایا گیا، جس کے نتیجے میں بھارتی سرپرستی میں چلنے والے فتنہ الخوارج کے مزید 23 خطرناک دہشتگرد مارے گئے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق، ہلاک ہونے والے خوارج میں فتنہ الخوارج کا ایک اہم اور انتہائی خطرناک خارجی سرغنہ "جان میر عرف طور ثاقب” بھی شامل ہے۔ ہلاک دہشتگرد جان میر قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سکیورٹی فورسز کو متعدد سنگین کارروائیوں میں انتہائی مطلوب تھا۔

ترجمان پاک فوج نے مزید بتایا کہ دہشتگردوں کے مکمل خاتمے کے لیے انٹیلی جنس آپریشنز کا دائرہ کار دتہ خیل، سپن وام اور بنوں سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف حساس ترین علاقوں تک وسیع کر دیا گیا ہے۔ سکیورٹی فورسز کی اس بروقت اور شدید کارروائی کے نتیجے میں اِن علاقوں میں سرگرم خوارج کے نیٹ ورکس اور ان کے سہولت کاروں کے ڈھانچے کو انتہائی کاری اور بڑا دھچکا پہنچا ہے۔ پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے ادارے ملک سے دہشتگردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔