اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی ایک بار پھر انتہائی اہم اور ہنگامی دورے پر تہران پہنچ گئے ہیں، جہاں انہوں نے 24 گھنٹے کے اندر دوسری بار ایران کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کی ہیں۔ سفارتی حلقوں میں اس دورے کو انتہائی غیر معمولی قرار دیا جا رہا ہے۔
اپنے اس مختصر وقت میں دوسرے دورے کے دوران وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے ایک ہی ہفتے میں دوسری بار ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔ اس کے علاوہ انہوں نے ایران کے وزیر داخلہ اسکندر مومنی اور پاسدارانِ انقلاب کے کمانڈر انچیف جنرل احمد وحیدی سے بھی اہم ملاقاتیں کیں، جن میں سیکیورٹی اور خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
واضح رہے کہ محسن نقوی نے محض پانچ روز قبل بھی ایران کا ایک تفصیلی دورہ کیا تھا، جس میں انہوں نے ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی، پارلیمنٹ کے اسپیکر باقر قالیباف اور صدر مسعود پزشکیان سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کی تھیں۔ وہ یہ دورہ مکمل کر کے ابھی 24 گھنٹے قبل ہی پاکستان واپس پہنچے تھے کہ آج سہہ پہر انہیں دوبارہ ہنگامی طور پر ایران روانہ ہونا پڑا۔ سفارتی ذرائع کے مطابق ان ملاقاتوں میں پاک-ایران دوطرفہ تعلقات، سیکیورٹی امور اور مشرقِ وسطیٰ کی تازہ ترین اور حساس صورتحال پر گہرائی سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔





