جہلم (نامہ نگار) جامعہ علوم اثریہ جہلم کے مہتمم، مرکزی جمعیت اہل حدیث پاکستان کے نائب امیر اور چیئرمین تحفظ حرمین شریفین موومنٹ پاکستان حافظ عبدالحمید عامر نے حوثی باغیوں کی جانب سے ارضِ مقدس پر مسلسل جارحیت پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت عالمِ اسلام کی حتمی”ریڈ لائن“ہے جس کے تحفظ کے لیے خون کا آخری قطرہ تک بھی بہا دیں گے، جبکہ مسلمانوں کے خلاف کفر کا حالیہ گٹھ جوڑ ایک گہری ناپاک سازش اور مذموم پروپیگنڈے کی پیشین گوئی کر رہا ہے لیکن دشمن یاد رکھے کہ حرمین شریفین کے خلاف مذموم مقاصد رکھنے والے اور اسلام کو مٹانے کا خواب دیکھنے والے ماضی میں بھی خود مٹ گئے اورآج بھی کھائے ہوئے بھوسے کی طرح ملیا میٹ ہو جائیں گے مگر دینِ حق کے خلاف ان کی ناپاک چالیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ فی الوقت امتِ مسلمہ پر ایک کڑا اور آزمائش کا وقت ہے جس کے لیے ہمیں غفلت کی نیند سے بیدار ہونا ہوگا۔اپنی آنے والی نسلوں کے قلوب و اذہان میں یہ شعور اُجاگر کرنا ہوگا کہ اسلام کو جس طرح بیرونی فتنوں اور سازشوں کا سامنا ہے، بالکل اسی طرح آستین کے سانپوں اور اندرونی دشمنوں سے بھی شدید خطرہ لاحق ہے جن کی فتنہ انگیزیوں سے آگاہی حاصل کرنا ہمارے لیے از بس ضروری ہو چکا ہے۔دفاع حرمین شریفین کے دفاع اور تحفظ کیلئے توحید و سنت کے داعیوں کا بچہ بچہ اور پوری غیور قوم باطل قوتوں کو اپنی مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہو کر باطل قوتوں کو عبرتناک شکست سے دوچار کرے گی اور دنیا دیکھے گی کہ ایمان کی طاقت کے سامنے کفر کا ہر گھمنڈ اور ناپاک سازشیں کس طرح ریت کی دیوار ثابت ہوتی ہیں، کیونکہ حرمین شریفین کی مٹی سے ہمارا رشتہ سیاسی نہیں بلکہ خالصتاً ایمانی اور لازوال ہے۔





