ستمبر 18, 2026

اتفاق پریس کلب کھاریاں کی نئی باگ ڈور ڈاکٹر تصور حسین مرزا کے سپرد، متفقہ طور پر صدر نامزد

سرائے عالمگیر (تحصیل رپورٹر) اتفاق پریس کلب کھاریاں کا ایک اہم اور باوقار اجلاس منعقد ہوا، جس میں تنظیم کے تمام عہدیداران اور ممبران نے بھرپور شرکت کی۔ اجلاس کے دوران تمام اراکین کی متفقہ رائے سے سینئر صحافی، کالم نگار، تجزیہ نگار اور ممتاز ہومیوپیتھک معالج ڈاکٹر تصور حسین مرزا کو سال 2026ء کے لیے پریس کلب کا نیا صدر منتخب کر لیا گیا۔

تقریب کا باقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ پاک اور نعتِ رسولِ مقبول ﷺ سے ہوا۔ اس موقع پر اتفاق پریس کلب کھاریاں کے سرپرستِ اعلیٰ پیر عبدالقیوم چشتی گولڑوی نے باضابطہ طور پر انتخابی نتیجے کا اعلان کیا، جس پر شرکاء نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے نومنتخب صدر کو پھولوں کے ہار پہنائے اور ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

تقریب میں کھاریاں پریس کلب کے صدر سید تنویر نقوی، سینئر صحافی محمد تسکین امجد اور چوہدری محمد یعقوب نے خصوصی شرکت کی۔ معزز مہمانوں نے ڈاکٹر تصور حسین مرزا کو صدارت کا منصب سنبھالنے پر دلی مبارکباد پیش کی اور صحافتی امور میں ہر سطح پر بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ تقریب کے اختتام پر اتفاق پریس کلب کے بانی و قائد محمد سلیمان قادری نے تمام مہمانانِ گرامی کا شکریہ ادا کیا اور انہیں خوش آمدید کہا۔