لاہور میں آسٹریلیا کے خلاف آئندہ ہوم ون ڈے سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے انتخاب کے حوالے سے حتمی مشاورت کا عمل مکمل کر لیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق، بنگلہ دیش کے خلاف حالیہ سیریز کھیلنے والے اسکواڈ میں متعدد اہم تبدیلیاں متوقع ہیں، جن میں سابق کپتان بابر اعظم، جارح مزاج اوپنر فخر زمان، سفیان مقیم اور نوجوان فاسٹ بولر حنین شاہ کی اسکواڈ میں شمولیت کا قوی امکان ہے۔ دوسری جانب، آل راؤنڈر فہیم اشرف اور حسین طلعت کے لیے ٹیم میں اپنی جگہ برقرار رکھنا مشکل دکھائی دے رہا ہے، جبکہ اسٹار وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان کی شمولیت کے حوالے سے تاحال بات چیت کا سلسلہ جاری ہے۔ واضح رہے کہ آسٹریلوی کرکٹ ٹیم سیریز کے لیے 23 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی، جبکہ قومی ٹیم 22 مئی سے راولپنڈی میں اپنے ٹریننگ کیمپ کا آغاز کرے گی جس میں ایک پریکٹس میچ بھی شامل ہے۔ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین ون ڈے میچوں کی سیریز 30 مئی، 2 جون اور 4 جون کو کھیلی جائے گی۔





