اکتوبر 29, 2026

پاکستان کے ذریعے نیا مذاکراتی منصوبہ امریکا کو بھیج دیا، پیشرفت کا دارومدار واشنگٹن پر ہے: ایرانی سفیر

اسلام آباد: پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے انکشاف کیا ہے کہ ایران نے پاکستان کے تعاون سے ایک نیا مذاکراتی منصوبہ امریکا تک پہنچا دیا ہے۔ ایرانی نیوز ایجنسی کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ مذاکرات میں کسی بھی قسم کی پیشرفت کا مکمل دارومدار اب امریکی رویے میں تبدیلی پر ہے۔ ایران اپنے موقف اور مطالبات میں بالکل شفاف ہے، اگر امریکا واقعی سنجیدہ ہے تو اسے اپنا جارحانہ رویہ ترک کرنا ہوگا۔

ایرانی سفیر نے واضح کیا کہ ایران اپنے قومی مفادات اور دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گا۔ انہوں نے خطے میں قیامِ امن کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت مرکزی ثالث ہے اور اس کی کوششیں انتہائی قابلِ قدر ہیں، فی الحال اس ثالثی کے عمل میں تبدیلی کا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ رضا امیری مقدم نے مزید کہا کہ پاکستان اور ایران کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے اور تفتان، میرجاوہ اور گبد ریمدان جیسی بارڈر کراسنگز دونوں ممالک کی تجارت کے لیے ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں۔