لاہور: وزیراعظم شہباز شریف نے جاتی امرا میں قائد مسلم لیگ (ن) نواز شریف سے ملاقات کی، جس میں ملکی سیاسی صورتحال اور بین الاقوامی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز بھی شریک تھیں۔ جاری کردہ اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے نواز شریف کو ملکی مجموعی صورتحال اور مشرقِ وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال سے متعلق بریفنگ دی۔
وزیراعظم نے پارٹی قائد کو پاکستان کی جانب سے خطے میں قیامِ امن کے لیے کی جانے والی سفارتی کوششوں سے آگاہ کیا۔ اس کے علاوہ ملاقات میں معاشی صورتحال، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ اور عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے حکومتی سطح پر اٹھائے گئے اقدامات پر بھی بات چیت کی گئی۔ دونوں رہنماؤں نے سیاسی چیلنجز اور مستقبل کی حکمتِ عملی پر بھی مشاورت کی تاکہ عوامی ریلیف کے عمل کو مزید تیز کیا جا سکے۔





