اپریل 27, 2026

پاکستان کا سچ اور امن کوششیں رنگ لے آئیں: ایرانی سفیر کا وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے کردار کو زبردست خراجِ تحسین

پاکستان میں متعین ایرانی سفیر رضا امیری مقدم نے خطے میں جاری کشیدگی اور جنگ کے خاتمے کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کو سراہتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو قابلِ تحسین قرار دیا ہے۔ سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ (ٹویٹر) پر جاری کردہ ایک خصوصی بیان میں ایرانی سفیر نے ایرانی وزیرِ خارجہ عباس عراقچی کے حالیہ دورہ پاکستان کے موقع پر حکومتِ پاکستان، پاک فوج اور عوام کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم اور فیلڈ مارشل کی سربراہی میں امن کی کوششیں نہ صرف بروقت ہیں بلکہ خطے میں استحکام کے لیے انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔

ایرانی سفیر نے مزید کہا کہ ایرانی وفد کا دورہ مکمل سکیورٹی، مؤثر منصوبہ بندی اور بہترین انتظامات کے تحت ہوا، جس پر وہ پاکستانی اداروں کی کارکردگی کے معترف ہیں۔ انہوں نے پاک فوج، سکیورٹی فورسز، پولیس اور سرکاری اداروں کے عملے کا خصوصی شکریہ ادا کیا جبکہ اسلام آباد کے عوام کی مہمان نوازی اور تعاون کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔ رضا امیری مقدم نے پاکستان کو ایک برادر، دوست اور ہمسایہ ملک قرار دیتے ہوئے اس عزم کا اظہار کیا کہ آنے والے وقت میں دونوں ممالک کے تعلقات مزید مضبوط اور مستحکم ہوں گے۔