پاکستانی عازمینِ حج کی پہلی پرواز کراچی سے مدینہ منورہ پہنچ گئی ہے جہاں 155 عازمین کا ایئرپورٹ پر انتہائی شاندار اور باوقار طریقے سے استقبال کیا گیا، ڈی جی حج جدہ عبدالوہاب سومرو اور ڈائریکٹر مدینہ زاہد سہیل نے عازمین کا خیرمقدم کیا جبکہ اس موقع پر سعودی روایات کے مطابق عازمین پر پھول نچھاور کیے گئے، انہیں تحائف پیش کیے گئے اور دف کی تھاپ پر خوش آمدیدی نغموں نے فضا کو روحانی اور یادگار بنا دیا، ترجمان کے مطابق عازمین کو مدینہ پہنچتے ہی مرکزیہ کے علاقے میں واقع معیاری رہائش گاہوں میں منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان کے آرام اور سہولت کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں، مہمان نوازی کے سلسلے میں عازمین کی تواضع مشروبات، کھجوروں اور معیاری ناشتے سے کی گئی اور تمام انتظامات کی نگرانی اعلیٰ حکام نے خود کی تاکہ کسی قسم کی کمی نہ رہے، عازمین کو عبادات اور نقل و حرکت میں آسانی کے لیے نسک کارڈز بھی جاری کر دیے گئے ہیں، اس موقع پر عازمین نے وزارتِ مذہبی امور اور حج مشن پاکستان کے بہترین انتظامات پر مکمل اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کراچی سے مدینہ منورہ تک کا سفر اور یہاں ملنے والی سہولیات نہایت خوش آئند ہیں، حج حکام کا کہنا ہے کہ آئندہ آنے والی تمام پروازوں کے لیے بھی اسی طرح کے مؤثر اور مربوط انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں تاکہ ہر عازمِ حج کو بہترین سہولیات فراہم کی جا سکیں۔



