جون 1, 2026

معذور افراد کے مسائل اور ممکنہ حکومتی اصلاحات و پالیسیاں

تحریر: راجہ اظہر محمود (ٹھوٹھہ رائے بہادر)

معاشرہ اسی وقت مہذب اور ترقی یافتہ کہلاتا ہے جب وہ اپنے کمزور اور ضرورت مند افراد کا خیال رکھتا ہے ۔معذور افراد بھی اسی معاشرے کا اہم حصہ ہیں مگر بد قسمتی سے انہیں زندگی کے ہر شعبے میں بے شمار مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے ان مسائل کے حل کے لئے موثر حکومتی اصلاحات اور پالیسیوں کی اشد ضرورت ہے تاکہ ان کی زندگی آسان اور باوقار بنائی جا سکے۔ معذور افراد کو سب سے زیادہ مسائل صحت ،تعلیم،روزگار،ٹرانسپورٹ اور مالی وسائل کے حصول میں درپیش ہوتے ہیں۔ان مسائل کو حل کیے بغیر ہم ایک فلاحی ریاست کا خواب پورا نہیں کر سکتے ہیں۔ سب سے پہلے صحت کے شعبے کی بات کی جائے تو معذور افراد کو معیاری طبی سہولیات کی شدید کمی کا سامنا ہے ہسپتالوں میں خصوصی سہولیات ،تربیت یافتہ عملہ،اور جدید آلات کا فقدان ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ ہر ضلع میں خصوصی بحالی مراکز Rehabilitation centers قائم کرے جہاں فزیوتھراپی ،سپیچ تھراپی اور دیگر سہولیات مفت فراہم کی جائیں۔تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتالوں میں DPT ڈاکٹرز تعینات کئے جائیں مزید برآں معذور پرسنز کے لئے مفت لیبارٹری ٹیسٹ کی سہولت ہونی چاہیئے صحت کارڈ جیسے منصوبوں میں انہیں اولیت دینے کی ضرورت ہے تاکہ وہ باآسانی اپنا علاج معالجہ کروا سکیں۔ تعلیم کے میدان میں معذور بچوں کو کئی رکاوٹوں کا سامنا ہوتا ہے سکولوں میں نہ تو خصوصی اساتذہ ہوتے ہیں اور نہ ہی مناسب انفراسٹرکچر ۔۔حکومت کو چاہیئے کہ تعلیمی اداروں میں ریمپس ، لیفٹس اور خصوصی کلاس رومز کا انتظام کرے۔خصوصی تعلیم یافتہ اساتذہ کی بھرتی کی جائے تاکہ معذور بچوں کو ان کی ضرورت کے مطابق تعلیم دی جا سکے۔ سپشل بچوں کے تعلیمی وظائف مقرر کیے جائیں تاکہ وہ تعلیمی ضروریات پوری کر سکیں اور والدین پر مالی بوجھ کا سبب نہ بنیں معذور بچوں اور معذور افراد کے بچوں کو یونیورسٹی تک فری تعلیم دی جائے۔آن لائن تعلیم اور ڈیجیٹل ٹولز بھی ان کی کے لئے انتہائی مفید ثابت ہو سکتے ہیں۔ اس کے علاؤہ ہنر مندی کی تربیت skill development کے مراکز قائم کئے جائیں جہاں معذور افراد اور بچوں کو جدید ہنر سکھائے جائیں مثلاً آئی ٹی، دستکاری وغیرہ اس سے وہ خود کفیل بن سکیں گےروزگار کے مواقع معذور افراد کے لئے نہایت محدود ہیں اکثر ادارے انہیں ملازمت دینے سے گریز رہتے ہیں حکومت کو چاہیئے کہ سرکاری اور نجی اداروں میں معذور افراد کے لئے مخصوص کوٹہ بڑھاۓ اور اس پر سختی سے عمل درآمد کروائے۔یہ بھی تجویز کیا جاتا ہے کہ معذور افراد کے لئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستیں قائم کی جائیں جو ان کے بنیادی حقوق کی تکمیل ہو گی۔ اور مساوی معاشرے کی طرف اہم قدم بھی ہو گا جب عوام دیکھیں گے کہ معذور افراد اسمبلیوں میں بیٹھ کر قانون سازی کر رہے ہیں تو ان کے بارے میں مثبت رویے فروغ پائیں گے اور انہیں بوجھ سمجھنے کی بجائے ایک فعال شہری تسلیم کیا جائے گا۔ مزید خصوصی افراد کی اسمبلیوں میں موجودگی سے ان کے مسائل اور ان کے تدارک کے لئے قانون سازی بہتر انداز میں ھو سکے گی۔ اسمبلیوں کے ساتھ ساتھ بلدیاتی اداروں یعنی یونین کونسلز اور تحصیل کونسلز میں بھی معذور افراد کی نشستیں مخصوص کرنے کی ضرورت ہے تاکہ بلدیاتی اداروں میں بھی وہ اپنے مسائل کو بہتر انداز پیش کرکے ان کے حل کے لیے اپنا رول ادا کر سکیں۔ٹرانسپورٹ کے شعبے میں بھی معذور افراد کو شدید مشکلات ہوتی پبلک ٹرانسپورٹ میں ان کے لئے نہ مناسب نشستیں ہوتی ہیں اور نہ ہی چڑھنے اترنے کے لئے سہولت میسر ہے۔ حکومت کو چاہیئے کہ بسوں، ٹرینوں اور دیگر ذرائع آمد و رفت میں خصوصی انتظامات کئے جائیں مثلآ وہیل چیئر کے لئے جگہ، ریمپس اور رعایتی کرایہ کی سہولت فراہم ہو۔ معذور سرکاری ملازمین کا کنوینس الاؤنس ڈبل کیا جسے ۔تاکہ وہ باآسانی سفر کر سکیں ۔مالی مشکلات بھی معذور افراد کی زندگی کو مزید دشوار بناتی ہیں اکثر وہ روزگار نہ ہونے کی وجہ سے دوسروں پر انحصار کرنے پر مجبور ہوتے ہیں اس مسئلے کے حل کے لئے بلاسود قرضوں کی سکیمیں متعارف کروانا نہایت ضروری ہیں۔ جہاں وہ آسانی سے قرضہ حاصل کر کے اپنا کاروبار شروع کر کے باعزت زندگی گزار سکیں ۔معذور افراد کو ہر طرح کے ٹیکسوں سے چھوٹ حاصل ہونی چاہیئے ۔ تاکہ ان میں اعتماد پیدا ہو کہ ریاست ان کی ہر ممکن پشت پناہی کرتی ہے ۔ اس کے علاؤہ سوشل ویلفیئر کے محکمے کو فعال بنایا جاۓ اور معذور افراد کے لئے ماہانہ وظائف مقرر کئے جائیں تاکہ وہ اپنی بنیادی ضروریات پوری کر سکیں ۔حکومت، این جی اوز، نجی شعبہ اور سول سوسائٹی مل کر معذور افراد کی مشکلات اور محرومیوں کو دور کرنے کے لئے خصوصی توجہ دیں تاکہ ان کو معاشرے کا ایک فعال اور خود مختار شہری بنایا جائے یہی ایک حقیقی اسلامی اور فلاحی ریاست کا تصور ہے۔