کراچی میں کھیلے گئے پی ایس ایل 11 کے 17 ویں میچ میں پشاور زلمی نے کراچی کنگز کو 159 رنز کے بھاری مارجن سے شکست دے کر ایونٹ کی تاریخ کا نیا ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر زلمی کو بیٹنگ کی دعوت دی، جس کا فائدہ اٹھاتے ہوئے پشاور زلمی نے مقررہ اوورز میں 246 رنز کا ہمالیہ جیسا ہدف کھڑا کیا۔ اس تاریخی اننگز میں کوشال مینڈس نے 109 رنز کی شاندار سنچری اسکور کی جبکہ کپتان بابر اعظم 87 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔ دونوں کے درمیان دوسری وکٹ پر 191 رنز کی ریکارڈ ساز پارٹنرشپ قائم ہوئی، جبکہ اختتامی لمحات میں عبدالصمد نے محض 12 گیندوں پر 40 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی۔ ہدف کے تعاقب میں کراچی کنگز کی ٹیم ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم صرف 87 رنز پر ڈھیر ہوگئی، جس میں اعظم خان 25 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پشاور زلمی کی جانب سے ناہید رانا، افتخار احمد اور سفیان مقیم نے تباہ کن باؤلنگ کرتے ہوئے 3،3 کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔





