اکتوبر 28, 2026

بجلی کے جھٹکے: ملک بھر بشمول کراچی کے لیے فی یونٹ قیمت میں اضافہ، نوٹیفکیشن جاری

نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے فروری 2026 کی ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1 روپے 42 پیسے فی یونٹ اضافے کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ اس فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت ملک بھر کے تمام صارفین پر ہوگا، جس کی وصولی اپریل کے بجلی کے بلوں میں کی جائے گی۔ نیپرا اعلامیے کے مطابق حکومتی پالیسی گائیڈ لائنز کے تحت یہ اضافہ کے الیکٹرک کے صارفین پر بھی لاگو ہوگا، تاہم لائف لائن صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ اسٹیشنز کو اس اضافے سے استثنا دیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ نیپرا نے فروری کی ایڈجسٹمنٹ پر سماعت مکمل کرنے کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا، جسے اب جاری کر دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ اس سے قبل جنوری کی ایڈجسٹمنٹ میں بھی بجلی کی قیمتوں میں 1 روپے 63 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا تھا، جس کے بعد حالیہ اضافہ عوام پر مزید مالی بوجھ کا سبب بنے گا