اپریل 17, 2026

ثمر خان نے تاریخ رقم کر دی، آرکٹک چیلنج مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئیں

پاکستانی خاتون ایڈونچر ایتھلیٹ ثمر خان نے ایک اور سنگ میل عبور کرتے ہوئے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کر دیا ہے۔ انہوں نے 300 کلومیٹر طویل فیل راؤن پولر چیلنج کامیابی سے مکمل کر لیا، جو شدید سرد موسم اور انتہائی سخت حالات میں منعقد ہوا۔

یہ مشکل مہم سوئیڈن سے شروع ہو کر ناروے میں اختتام پذیر ہوئی، جہاں برفیلے میدانوں، منفی درجہ حرارت اور دشوار راستوں کا سامنا کرتے ہوئے ثمر خان نے اپنی ہمت اور عزم کا مظاہرہ کیا۔ اس کارنامے کے ساتھ وہ آرکٹک مہم مکمل کرنے والی پہلی پاکستانی ایتھلیٹ بن گئی ہیں۔

اپنی کامیابی پر اظہار خیال کرتے ہوئے ثمر خان نے کہا کہ جو لوگ سمجھتے تھے کہ وہ یہ چیلنج مکمل نہیں کر سکتیں، یہ کامیابی ان سب کے لیے جواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے اپنی اس کامیابی کو پاکستان کے نام کیا ہے اور دوران مہم انتہائی سخت موسمی حالات کا سامنا بھی کیا۔