متحدہ عرب امارات نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے امریکا کی قیادت میں جاری بین الاقوامی کوششوں میں شامل ہونے پر آمادگی ظاہر کر دی ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق یو اے ای کے صدارتی مشیر انور قرقاش کا کہنا ہے کہ ان کا ملک اس اقدام کا حصہ بننے کے لیے تیار ہے تاکہ خطے میں سمندری راستوں کو محفوظ بنایا جا سکے۔
انور قرقاش نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ اقدام خلیجی خطے میں استحکام کے لیے اہم ثابت ہو سکتا ہے، تاہم انہوں نے یہ بھی نشاندہی کی کہ ایران کی موجودہ علاقائی حکمت عملی کے باعث امریکا اور اسرائیل کا اثر و رسوخ مزید مضبوط ہونے کا امکان ہے۔
آبنائے ہرمز عالمی تجارت کے لیے نہایت اہم سمندری گزرگاہ ہے جہاں سے دنیا کی بڑی مقدار میں تیل کی ترسیل ہوتی ہے، اس لیے اس کی سکیورٹی بین الاقوامی سطح پر خصوصی اہمیت رکھتی ہے۔



