نومبر 2, 2026

پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد حکومت کا ٹارگٹڈ سبسڈی پروگرام کا اعلان

وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے بعد عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی کا اعلان کر دیا ہے۔ وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ آج کا فیصلہ ملکی قیادت کی باہمی مشاورت سے کیا گیا ہے اور اس کا مقصد ریلیف کو براہِ راست حقیقی حقداروں تک پہنچانا ہے۔ اعلان کردہ ریلیف پیکج کے تحت موٹر سائیکل سواروں کو ہر ماہ 20 لیٹر پیٹرول پر 100 روپے فی لیٹر سبسڈی دی جائے گی، جبکہ انٹر سٹی پبلک ٹرانسپورٹ کو بھی ڈیزل پر فی لیٹر 100 روپے کی رعایت ملے گی۔ مزید برآں، مال بردار گاڑیوں اور ٹرکوں کے لیے فیول کی مد میں 70 ہزار روپے ماہانہ سبسڈی مقرر کی گئی ہے اور ریلوے کے کرایوں کو مستحکم رکھنے کے لیے حکومت الگ سے مالی مدد فراہم کرے گی۔ اس موقع پر وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک نے معاشی صورتحال میں صدرِ مملکت کی رہنمائی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ خطے کی موجودہ صورتحال نے عالمی معیشت کو شدید دباؤ میں ڈال رکھا ہے جس کے اثرات پاکستان پر بھی مرتب ہو رہے ہیں۔