پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیئرمین محسن نقوی نے قومی ٹیم کے سابق کپتان سرفراز احمد سے ملاقات کی اور انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے بعد ان کی خدمات کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا۔
ملاقات کے دوران محسن نقوی نے کہا کہ پاکستان کرکٹ ہمیشہ سرفراز احمد کے احسانات کی مقروض رہے گی۔ انہوں نے پاکستان کرکٹ کے لیے سرفراز احمد کی گراں قدر خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
چیئرمین پی سی بی نے سرفراز احمد کے مستقبل کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کرکٹ کے میدان میں پاکستان کی نمائندگی کا حق ادا کیا اور قومی ٹیم کو متعدد کامیابیاں دلائیں۔ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ پاکستان کرکٹ کو سرفراز احمد جیسے باصلاحیت اور تجربہ کار کھلاڑیوں پر ہمیشہ فخر رہے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ آئندہ بھی سرفراز احمد کے تجربے اور صلاحیتوں سے استفادہ کرتا رہے گا تاکہ قومی کرکٹ کو مزید مضبوط بنایا جا سکے۔
واضح رہے کہ پاکستان کے سابق کپتان سرفراز احمد نے حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کیا ہے۔ انہوں نے پاکستان کے لیے 54 ٹیسٹ، 117 ون ڈے انٹرنیشنل اور 61 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیلے اور اپنے کیریئر میں مجموعی طور پر 6164 رنز اسکور کیے۔
بطور وکٹ کیپر انہوں نے وکٹوں کے پیچھے 315 کیچز اور 56 اسٹمپنگز کیں۔ سرفراز احمد نے پاکستان کی 100 انٹرنیشنل میچز میں قیادت بھی کی اور ان ہی کی قیادت میں پاکستان نے آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017 جیتنے کا اعزاز حاصل کیا۔
ان کی قیادت میں پاکستان ٹیم ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل کرکٹ میں عالمی نمبر ایک رینکنگ تک پہنچی۔ سرفراز احمد پاکستان کے واحد کپتان ہیں جنہوں نے جونیئر اور سینئر دونوں سطح پر آئی سی سی ٹائٹل جیتے، جبکہ حکومت پاکستان نے انہیں 2018 میں "پرائڈ آف پرفارمنس” ایوارڈ سے بھی نوازا تھا۔




