کھاریاں (قاری نصیر احمد کلیار) پنجاب فوڈ اتھارٹی نے ضلع گجرات میں فوڈ سیفٹی قوانین پر عملدرآمد یقینی بنانے کے لیے خصوصی چیکنگ مہم کے دوران 117 انسپکشنز مکمل کر لیں۔
ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی رضوان سعید نے اپنی ٹیم کے ہمراہ مختلف فوڈ پوائنٹس، ہوٹلز، بیکریوں اور دیگر مراکز کا معائنہ کیا۔ کارروائیوں کے دوران صفائی کے ناقص انتظامات، زائد المعیاد اشیاء کی موجودگی اور فوڈ سیفٹی قوانین کی خلاف ورزیوں پر سخت ایکشن لیا گیا۔
مہم کے دوران 64 فوڈ پوائنٹس کو بہتری نوٹس جاری کیے گئے جبکہ 9 مراکز پر خلاف ورزی ثابت ہونے پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 58 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ مزید برآں تجزیے کے لیے 2 نمونے حاصل کیے گئے جبکہ 1.62 کلوگرام زائد المعیاد اور ممنوعہ اشیائے خورونوش تلف کر دی گئیں۔
پنجاب فوڈ اتھارٹی حکام کا کہنا ہے کہ شہریوں کو محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی اولین ترجیح ہے اور اس مقصد کے لیے کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔ قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔



