علیمہ خان اور عظمیٰ خان نے داہگل ناکہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بانی پاکستان تحریک انصاف عمران خان کو فوری طور پر الشفاء اسپتال منتقل کیا جائے۔
علیمہ خان کے مطابق سرکاری ڈاکٹر کی تیار کردہ رپورٹ درست نہیں اور بانی پی ٹی آئی کو قید تنہائی میں رکھنے کے بجائے ان کا مکمل معائنہ فیملی اور ذاتی ڈاکٹرز کی موجودگی میں ہونا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ محسن نقوی گارنٹی دے رہے ہیں کہ عمران خان کو الشفاء منتقل کیا جائے گا۔
عظمیٰ خان نے کہا کہ جب تک ذاتی معالج موجود نہیں ہوں گے، وہ کسی بھی رپورٹ پر یقین نہیں کریں گے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بانی پی ٹی آئی کی میڈیکل رپورٹ میں بیماری کا نام شامل نہیں ہے اور علاج تب تک ممکن نہیں جب تک بیماری کی وجہ معلوم نہ ہو۔
علیمہ اور عظمیٰ خان نے مطالبہ کیا کہ بانی پی ٹی آئی کا مکمل معائنہ فوری طور پر کیا جائے تاکہ صحت کے حوالے سے کسی بھی ابہام کو دور کیا جا سکے۔



